Home Top Ad

منیر نیازی کی شاعری

ہمیشہ دیر کر دیتا ہوں 
ہمیشہ دیر کر دیتا ہوں میں ہر کام کرنے میں 
ضروری بات کہنی ہو کوئی وعدہ نبھانا ہو 

اسے آواز دینی ہو اسے واپس بلانا ہو 
ہمیشہ دیر کر دیتا ہوں میں 

مدد کرنی ہو اس کی یار کی ڈھارس بندھانا ہو 
بہت دیرینہ رستوں پر کسی سے ملنے جانا ہو 
ہمیشہ دیر کر دیتا ہوں میں 

بدلتے موسموں کی سیر میں دل کو لگانا ہو 
کسی کو یاد رکھنا ہو کسی کو بھول جانا ہو 
ہمیشہ دیر کر دیتا ہوں میں 

کسی کو موت سے پہلے کسی غم سے بچانا ہو 
حقیقت اور تھی کچھ اس کو جا کے یہ بتانا ہو 
ہمیشہ دیر کر دیتا ہوں میں ہر کام کرنے میں...!

منیر نیازی